پنجاب کی طالبات کے لیے مفت الیکٹرک بائیک اسکیم، اہلیت اور درخواست کا طریقہ سامنے آگیا
لاہور: پنجاب حکومت نے طالبات کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم 2026 شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر کی ایک لاکھ طالبات کو مفت الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
اس منصوبے کے تحت طالبات کو الیکٹرک بائیکس بلا معاوضہ دی جائیں گی، جبکہ طلبہ کے لیے بائیکس آسان اور بغیر سود اقساط کی سہولت کے تحت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
اہلیت کے معیار:
درخواست دینے والی طالبہ کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے، جبکہ بعض شعبوں میں عمر کی حد میں رعایت دی جا سکتی ہے۔
درخواست گزار کسی تسلیم شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہو۔
تعلیمی ادارہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے منظور شدہ ہونا چاہیے۔
درخواست گزار کے پاس پنجاب کا درست ڈومیسائل ہونا لازمی ہے۔
موٹر سائیکل چلانے کے لیے درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا ضروری ہے۔
درخواست گزار کے نام کوئی رجسٹرڈ موٹر گاڑی نہیں ہونی چاہیے۔
حکومت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ایک خاندان میں صرف ایک فرد کو الیکٹرک بائیک فراہم کی جائے گی، چاہے خاندان کے ایک سے زیادہ افراد اس کے اہل کیوں نہ ہوں۔
کیا اساتذہ بھی درخواست دے سکتی ہیں؟
حکام کے مطابق موجودہ مرحلے میں اسکیم کا دائرہ کار صرف طلبہ و طالبات تک محدود ہے، تاہم مستقبل میں سرکاری ملازمین اور خواتین اساتذہ کو شامل کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
درخواست دینے کا طریقہ:
الیکٹرک بائیک اسکیم کے لیے درخواستیں صرف پنجاب حکومت کے آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ درخواست گزار کو اپنا شناختی کارڈ، ذاتی معلومات اور دیگر مطلوبہ تفصیلات فراہم کرکے آن لائن فارم مکمل کرنا ہوگا۔
درخواست جمع کروانے کے بعد امیدواروں کی جانچ پڑتال اور کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ درخواست کی صورتحال بھی آن لائن پورٹل پر دیکھی جا سکے گی۔
ضروری دستاویزات:
قومی شناختی کارڈ یا ب فارم
تعلیمی ادارے کا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ
پنجاب ڈومیسائل
ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ
پاسپورٹ سائز تصاویر
دیگر مطلوبہ دستاویزات (اگر ضرورت ہو)
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ درخواست کے لیے کسی غیر سرکاری ویب سائٹ یا ایجنٹ سے رابطہ نہ کریں اور صرف سرکاری پورٹل کے ذریعے ہی معلومات حاصل کریں۔