کمشنر کوئٹہ اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب
کوئٹہ (آن لائن) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے عہدیداران کے درمیان اہم مذاکرات ہوئے، جس میں ڈاکٹرز کو درپیش مسائل، جاری احتجاج اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ جائز مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کرکے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔
مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے احتجاجی دھرنا مؤخر کرنے اور او پی ڈیز کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی یقین دہانیوں اور مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج عارضی طور پر مؤخر کیا جا رہا ہے تاکہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا عمل جاری رہ سکے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ کل سے بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز معمول کے مطابق فعال ہوں گی جبکہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گی۔
اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے ڈاکٹرز کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی اعتماد اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل کیے جائیں گے اور عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا