پاک فوج کے خلاف مبینہ بیان بازی سے متعلق درخواست پر عدالت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو طلب کر لیا۔
گوجرانوالہ کے ایڈیشنل سیشن جج فیصل جمیل نے اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کو نوٹس جاری کیا اور انہیں 28 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
درخواست گزار منظور قادر بھنڈر نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے بیان میں پاک فوج کے خلاف بات کی اور شہداء کے حوالے سے ایسے الفاظ استعمال کیے جس سے جذبات مجروح ہوئے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت میں بھی مولانا فضل الرحمن کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پر موجود ایک تقریر میں شہداء کے حوالے سے بیان دیا گیا، جس سے عوام اور شہداء کے لواحقین کے جذبات متاثر ہوئے۔