حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زبردست اضافہ
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا، جس کا نوٹیفکیشن وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے جاری کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 11 جولائی 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل پیٹرول 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ اضافہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ پندرہ روزہ مدت کے لیے ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے 4 جولائی کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 1 روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔ کمی کے بعد پیٹرول 297 روپے 53 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔