Tameerewatan
tameerewatan

ہنہ اوڑک دھرنا ختم، حکومت اور متاثرین میں مذاکرات کامیاب

ہنہ اوڑک دھرنا ختم، حکومت اور متاثرین میں مذاکرات کامیاب

حکومت بلوچستان اور سانحہ ہنہ اوڑک کے متاثرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد دھرنا کمیٹی اور شہداء کے لواحقین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی درخواست پر احتجاجی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھرنے کے پہلے دن سے ہی کمیٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور متاثرہ خاندانوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ان کا متاثرہ خاندانوں اور ان کے بزرگوں سے دیرینہ تعلق ہے، جو آئندہ بھی برقرار رہے گا۔ “میں اپنی عوام کے شانہ بشانہ تھا، ہوں اور ہمیشہ رہوں گا، اور اگر حکومت سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو اسے تسلیم کریں گے،” وزیراعلیٰ نے کہا۔

میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن پر حکومت مکمل عمل درآمد کرے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے ورثا کو مالی معاوضہ، اہل خانہ کو سرکاری ملازمتیں اور شہداء کے بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی اور ریاست کو بدنام کرنے یا امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی سازش کا قانون کے مطابق بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے دھرنے کے شرکا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محب وطن ہونے کا ثبوت دیا اور صوبے و ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور عوام مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے کام جاری رکھیں گے

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More