کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نشانِ حیدر کے حامل کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 27ویں یومِ شہادت پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی عظیم قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے انتہائی کٹھن حالات میں غیر معمولی جرات، بہادری، فرض شناسی اور وطن سے بے لوث محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں امر ہو گئے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا مقدس فریضہ ہے اور پاکستان آج اپنے بہادر شہداء کی بے مثال قربانیوں کی بدولت امن، آزادی اور خودمختاری کے ساتھ قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی کیونکہ ان کا ایثار اور جذبۂ حب الوطنی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور صوبے کے عوام ہر اندرونی و بیرونی خطرے کے خلاف اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملکی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔