کوئٹہ،منشیات فروشوں کیلئے بری خبر، اربوں روپے کا سامان تباہ کردیا گیا
کوئٹہ،منشیات فروشوں کیلئے بری خبر، اربوں روپے کا سامان تباہ کردیا گیا
بلوچستان میں منشیات کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے عالمی مارکیٹ میں اٹھائیس ارب روپے مالیت کی منشیات اور غیر ملکی شراب کو تلف کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس، محمد زمان نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور سیکریٹری ایکسائز سید ظفر علی بخاری کی خصوصی ہدایات پر محکمہ نے گزشتہ سال کے دوران مختلف کامیاب کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی تھی۔ تلف کئے گئے سامان میں اٹھارہ ہزار غیر ملکی شراب کی بوتلیں، 2سو کلوگرام اعلیٰ معیار کی آئس (میتھ ایمفیٹامین) اور چھ سو کلوگرام چرس شامل ہے۔
ڈی جی ایکسائزمحمد زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں منشیات کی لعنت کے خاتمے کیلیے متعلقہ ادارے دن رات کوشاں ہیں۔ انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوان نسل کو اس زہر سے محفوظ رکھنے کیلیے صوبے بھر میں کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جایگا۔اور محکمہ ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کی کارکردگی کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائیگا۔