کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافربس خطرناک حادثے کا شکار، درجنوں زندگیاں لمحوں میں بجھ گئیں
کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافربس خطرناک حادثے کا شکار، درجنوں زندگیاں لمحوں میں بجھ گئیں
کوئٹہ سے پشاور جانیوالی ایک مسافر بس خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانا سر میں خوفناک حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں30 افراد جاں بحق جبکہ متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان پیش آیا۔ بس میں مجموعی طور پر پینتیس مسافر سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو 1122، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
محکمہ صحت کے حکام نے حادثے کے بعد قریبی سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ حکام کے مطابق امدادی آپریشن مکمل ہونے کے بعد جاں بحق اور زخمی افراد کی حتمی تعداد جاری کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے اٹھ افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر متاثرین کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی کاکڑ کے مطابق دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کے باوجود ریسکیو ٹیمیں مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔