سیاستدانوں کے فون کالز بیکار، وزیراعلیٰ نے نوکریوں کے معاملے پر سب کے ہاتھ کاٹ دیے
کوئٹہ: بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے شفاف ترین نظام کے تحت 19 افسران کی میرٹ پر تعیناتی کا عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نومنتخب افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان میں تعیناتی کے لیٹرز تقسیم کیے اور انہیں محنت و ایمانداری سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا کہ ان بھرتیوں میں 100 فیصد میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے اور کوئی سیاسی یا ایگزیکٹو دباؤ قبول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے اپنے حلقہ انتخاب ڈیرہ بگٹی سے بھی کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہو سکا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس شفاف عمل پر وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور چیئرپرسن بی آر اے عبداللہ خان نورزئی سمیت ان کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بی آر اے سے بلوچستان کا معاشی مستقبل وابستہ ہے۔ صوبے کے زیادہ تر وسائل غیر ترقیاتی اخراجات کی نذر ہو جاتے ہیں، اس لیے بی آر اے کا مضبوط ہونا ضروری ہے تاکہ اپنے وسائل سے اخراجات پورے کر کے غریب عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر پیسہ لگایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں بھی 14 ہزار 500 اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیاں کی گئی ہیں اور صوبے میں ‘نوکری فروخت نہ ہونے’ کے وعدے کو پورا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خواتین افسران کی سلیکشن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نومنتخب افسران کو آئندہ مالی سال کے اہداف پورا کرنے کا چیلنج بھی دیا۔