ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی کیلئے ایف سی بلوچستان کو 56 کروڑ 70 لاکھ روپے گرانٹ منظور
اسلام آباد۔۔وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی کیلئے ایف سی بلوچستان کو 56 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کرلی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف سی بلوچستان کو یہ گرانٹ وزارتِ خزانہ کی بچت سے فراہم کی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے کے-فور منصوبے کیلئے 7 ارب 79 کروڑ 71 لاکھ 60 ہزار روپے کی اضافی گرانٹ بھی منظور کی۔ مذکورہ رقم سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو منتقل کی گئی تھی۔ اجلاس میں روزویلٹ ہوٹل کی دوبارہ تعمیر کے حوالے سے یونین سے مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کیلئے 15 کروڑ 38 لاکھ 55 ہزار ڈالر کی حکومتی گارنٹی منظور کی گئی۔ ای سی سی نے درآمدی گندم کے بروقت استعمال کیلئے پاسکو کی تجویز بھی منظور کرلی، جس کے تحت پاسکو کے گندم اسٹاک میں 85 فیصد مقامی جبکہ 15 فیصد درآمدی گندم شامل ہوگی۔ اجلاس میں غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹس پر پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی اجازت بھی دی گئی، جبکہ درآمد کیلئے کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج کی سہولت استعمال کی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی تعاون کیلئے سیل پرچیز معاہدے کی بھی منظوری دی، جس کے تحت اوکیو ٹریڈنگ اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔