ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ، مون سون کی تازہ لہر پر الرٹ جاری
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ رپورٹ کے مطابق آج دوپہر کے بعد شمال مشرقی بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بادل کھل کر برسنے کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس سے ٹریفک اور رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ادھر دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر 3 لاکھ 98 ہزار کیوسک ریلے کے ساتھ درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ چشمہ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دیگر تمام دریاؤں میں پانی کی روانی معمول کے مطابق ہے۔ شہریوں اور انتظامیہ کو مون سون سیزن کے دوران متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔