اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کے موقع پر 9 نومبر 2026 کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر 9 نومبر کو یومِ اقبال کے سلسلے میں سرکاری تعطیل ہوگی، جس کے باعث ملک بھر میں سرکاری دفاتر اور متعلقہ ادارے بند رہیں گے۔
اس سے قبل پنجاب حکومت بھی صوبے بھر میں 9 نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کرچکی ہے۔
پنجاب کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے ویلفیئر ونگ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر کو صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
واضح رہے کہ ہر سال 9 نومبر کو شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا یومِ پیدائش منایا جاتا ہے۔ علامہ اقبال کی شاعری اور افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، آزادی اور الگ قومی شناخت کا شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور دیگر پروگراموں کے ذریعے قومی شاعر کی علمی، ادبی اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔