اسلام آباد : پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایڈرین ہملٹن مانز نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا ہے۔ انہیں کمرشل ہوابازی کی صنعت میں 30 سال سے زائد تجربہ حاصل ہے اور وہ اس سے قبل عمان، قازقستان اور افریقہ میں تین مختلف ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ایڈرین ہملٹن مانز کو عالمی ہوابازی کی صنعت میں ادارہ جاتی اصلاحات، انتظامی بہتری اور ایئرلائنز کی کارکردگی میں اضافے کے حوالے سے تجربہ کار شخصیت سمجھا جاتا ہے۔ ان کی تقرری سے پی آئی اے میں انتظامی و عملیاتی اصلاحات کے نئے مرحلے کے آغاز کی توقع کی جا رہی ہے۔دوسری جانب پی آئی اے کنسورشیم اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سبکدوش ہونے والے سی ای او ایئر وائس مارشل (ر) عامر حیات کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔پی آئی اے کنسورشیم اور بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایئر وائس مارشل عامر حیات کے دور میں قومی ایئرلائن نے مشکل ترین حالات اور مختلف چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ ان کے دور میں پی آئی اے کے فضائی تحفظ کے معیار میں نمایاں بہتری آئی، جبکہ یورپ اور برطانیہ کی جانب سے عائد پابندیوں کے خاتمے اور ادارے کو نجکاری کے لیے تیار کرنے میں بھی اہم پیش رفت ہوئی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایئر وائس مارشل عامر حیات نے اپنے دور میں ادارے کو درپیش مختلف انتظامی اور عملیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں پی آئی اے کی بحالی اور مستقبل کی تنظیم نو کے لیے بنیاد فراہم ہوئی۔چیئرمین پی آئی اے نے نئے سی ای او ایڈرین ہملٹن مانز کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے وسیع بین الاقوامی تجربے اور مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے قومی ایئرلائن کی خدمات کے معیار میں بہتری لائیں گے اور اسے عالمی سطح پر صف اول کی ایئرلائنز میں شامل کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی بہتری، مسافروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اور ادارے کی عالمی ساکھ بحال کرنا نئی انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہوگا