مواد پر جائیں

کوئٹہ 13°C فجر 5:27 ظہر 12:16 عصر 4:06 مغرب 5:43 عشاء 7:04
آج کا ای پیپر ⁦3⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان، وفاقی وزیر نے خوشخبری سنادی

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، اس کا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔

پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان، وفاقی وزیر نے خوشخبری سنادی

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث پوری دنیا مشکل وقت سے گزر رہی ہے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ کمزور طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ جمعہ کو مقامی ریفائنریوں کے تعاون سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ روکا گیا، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات بھی عوام کو ریلیف کی صورت میں منتقل کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق آج بھی اچھی خبر آئے گی اور معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ ملک میں تقریباً ایک کروڑ گیس کنکشن موجود ہیں، جبکہ جن علاقوں میں پائپ لائن کے ذریعے گیس دستیاب نہیں وہاں شہری ایل پی جی استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں بعض عناصر نے منافع خوری کی کوشش کی، جبکہ مختلف شہروں سے ایل پی جی 800 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق ملک میں مقامی سطح پر روزانہ تقریباً 2 ہزار سے 2500 ٹن ایل پی جی پیدا ہوتی ہے، تاہم علاقائی کشیدگی کے باعث ایل این جی کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے اور سردیوں میں مناسب قیمت پر گیس کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی ایندھن کی تقریباً 70 فیصد ضروریات درآمدات کے ذریعے پوری کرتا ہے۔ حکومت کی ترجیح مسابقتی عمل کے ذریعے سستے ایندھن کی درآمد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایندھن درآمد کرنے والی کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر قیمتیں جاری کرنا ہوں گی، جبکہ دور دراز علاقوں کے لیے ایل پی جی کوٹے کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تیل کی طرح گیس کے شعبے میں بھی کمزور طبقے کو ریلیف دینے کے اقدامات کیے جارہے ہیں، جس کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مدد لی جائے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے بحران کے دوران عوام کو ترجیح دی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی ریفائنریوں کے تعاون سے عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑنے سے روکا گیا، جبکہ ایل پی جی کے شعبے میں مسابقت بڑھانے کے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔