اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کردیا گیا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے ریفائنریز کو نیا فارمولا جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی درآمدی قیمت پاکستان اسٹیٹ آئل کے اصل درآمدی کارگو کی لاگت کی بنیاد پر مقرر ہوگی۔ اصل لاگت دستیاب نہ ہونے پر آخری کارگو کا پریمیم اور اضافی اخراجات استعمال کیے جاسکیں گے۔
مقامی ریفائنریز کے لیے آئندہ 30 روز تک پریمیم، اضافی اخراجات اور کسٹمز ڈیوٹی 7 مارچ 2026 کی سطح پر برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی۔
درآمدی اور ایکس ریفائنری قیمت کے درمیان فرق ریفائنریز کو پیٹرولیم لیوی کی مد میں جمع کرانا ہوگا۔ لیوی میں حاصل ہونے والا فائدہ صرف پیٹرول صارفین کو قیمت میں کمی کی صورت میں منتقل کیا جائے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے ریفائنریز کو روزانہ فروخت کی تفصیلات اور ادائیگیوں کا ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن ان حسابات کی تصدیق کریں گے۔