اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سال 2027 کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کردی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق یہ قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک ہزار روپے زیادہ ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال گندم کی قیمت 3500 روپے فی من مقرر تھی۔ مجوزہ اضافے کا مقصد کسانوں کو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کو گندم کی کاشت کی ترغیب دینا اس فیصلے کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مجوزہ قیمت سے کاشت کاروں کو اخراجات پورے کرنے اور مناسب منافع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
شہباز شریف نے قیمت کے تعین کے لیے مشاورتی عمل میں تجاویز اور تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے تعاون کو بھی سراہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں مہنگائی اور زرعی اخراجات بڑھنے سے کسانوں کو مالی مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ پاکستان کو گزشتہ دو برسوں میں گندم درآمد بھی کرنا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ قیمت میں اضافے سے مقامی پیداوار کی حوصلہ افزائی، ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے اور زرعی شعبے کو مستحکم بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔