مواد پر جائیں

کوئٹہ 10°C فجر 5:28 ظہر 12:16 عصر 4:05 مغرب 5:42 عشاء 7:04
آج کا ای پیپر ⁦4⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن منظور کرلیے، 10 روپے کا نوٹ سکے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

50، 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نئے ڈیزائن والے نوٹ متعارف کرانے کی تیاری، خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی بھی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے پاکستانی کرنسی کے نئے ڈیزائن کی منظوری دے دی، جس کے تحت 50، 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹ نئے ڈیزائن اور جدید سیکیورٹی خصوصیات کے ساتھ متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ 10 روپے کے کاغذی نوٹ کی جگہ سکہ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن منظور کرلیے، 10 روپے کا نوٹ سکے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی۔ اجلاس میں کابینہ کو نئے نوٹوں کی تیاری، ڈیزائن اور حفاظتی خصوصیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق نئے ڈیزائن کے تحت 50، 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹ جاری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ نئے نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے تاکہ جعلی کرنسی کی روک تھام کو مؤثر بنایا جاسکے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ملک بھر سے مصوروں اور ڈیزائنرز کی تجاویز حاصل کی گئیں، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے متعلقہ اداروں اور دیگر فریقوں سے تفصیلی مشاورت کی۔

حکام کے مطابق نئے نوٹوں کی تیاری میں جدید اور بہتر معیار کا مواد استعمال کیا جائے گا، جس سے ان کی پائیداری اور قابل استعمال مدت میں اضافہ ہوگا۔

وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دی۔ اس فیصلے کا مقصد کم مالیت کے نوٹوں کی بار بار چھپائی اور تبدیلی پر آنے والے اخراجات میں کمی لانا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا اور پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کی مرحلہ وار تبدیلی کا شیڈول جاری کرے گا۔ تاہم نئے نوٹوں کی دستیابی اور 10 روپے کے موجودہ نوٹ کی واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں گورنر کو اختیارات منتقل کرنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کی انجام دہی اور گورننس بہتر بنانے کے لیے ایمرجنسی کی مدت کے دوران وزیراعلیٰ کو تفویض کردہ اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری بھی دی۔

فیصلے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا ان اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔

کابینہ نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل، گورنر کی قیادت میں صوبے میں امن و امان، عوامی فلاح اور انتظامی امور کی بہتری کے لیے اقدامات کرے گی۔

پاکستان اور کویت کے دفاعی معاہدے کی توثیق

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کردی۔

یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 26 اکتوبر کے فیصلوں سمیت کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے مختلف اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔