اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی اور گیس صارفین کو سبسڈی فراہم کرنے کا نیا طریقہ کار تیار کرلیا ہے، جس کے تحت موجودہ سلیب پر مبنی سبسڈی نظام میں تبدیلی کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن اور وزارتِ پیٹرولیم نے بجلی اور گیس صارفین کو سبسڈی کی فراہمی کے لیے نئی اکنامک سوشل رجسٹری تیار کی ہے، جس کی مدد سے مستحق صارفین کی نشاندہی کی جائے گی۔
نئے سبسڈی نظام کے نفاذ کا حتمی فیصلہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کرے گی، جبکہ باقاعدہ عملدرآمد سے قبل نظام کی آزمائشی جانچ بھی کی جائے گی۔
آئی ایم ایف کا جنوری 2027 سے نیا نظام نافذ کرنے پر زور
ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بجلی صارفین کے لیے یکم جنوری 2027 اور گیس صارفین کے لیے فروری 2027 سے سبسڈی کا نیا طریقہ کار نافذ کرنے کی شرط رکھی ہے۔
تاہم وفاقی حکومت موجودہ سبسڈی نظام کو 30 جون 2027 تک برقرار رکھنا چاہتی ہے تاکہ صارفین کو فراہم کیا جانے والا ریلیف مزید 6 ماہ جاری رہ سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر موجودہ ریلیف میں توسیع کا معاملہ آئی ایم ایف کے سامنے اٹھایا جائے گا۔
حکومت بالخصوص ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سبسڈی میں مزید 6 ماہ کی توسیع کی کوشش کررہی ہے۔
واضح رہے کہ سبسڈی کے نئے نظام کی تیاری کے باوجود موجودہ سلیب ختم کرنے یا نئے طریقہ کار کے نفاذ کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ اس حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی کی منظوری اور دیگر ضروری مراحل مکمل ہونا باقی ہیں۔