مواد پر جائیں

کوئٹہ 18°C فجر 5:29 ظہر 12:16 عصر 4:03 مغرب 5:41 عشاء 7:02
آج کا ای پیپر ⁦5⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بزنس

ایف بی آر کا ٹیکس دہندگان کے لیے بڑا اقدام، 72 گھنٹے بعد بھی سیلز ٹیکس انوائس میں ترمیم کی سہولت

آئی آر آئی ایس پورٹل پر انوائس کی درستی اور منسوخی کی درخواست دی جاسکے گی، متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی منظوری لازمی ہوگی

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے آئی آر آئی ایس سسٹم میں نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائس میں 72 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ترمیم یا اسے منسوخ کرانے کی درخواست دی جاسکے گی۔

ایف بی آر کا ٹیکس دہندگان کے لیے بڑا اقدام، 72 گھنٹے بعد بھی سیلز ٹیکس انوائس میں ترمیم کی سہولت

نئے نظام کے تحت ٹیکس دہندگان مقررہ مدت گزرنے کے باوجود انوائس میں موجود غلطیوں کی درستی یا منسوخی کے لیے آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کراسکیں گے، تاہم اس کے لیے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔

ایف بی آر کے ذیلی ادارے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) نے اس سہولت کے استعمال سے متعلق صارفین کے لیے رہنما کتابچہ بھی جاری کردیا ہے۔

انوائس میں ترمیم یا منسوخی کا طریقہ کار

نئی سہولت کے مطابق ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس پورٹل پر متعلقہ انوائس منتخب کرکے ترمیم یا منسوخی کی درخواست جمع کراسکیں گے۔

درخواست کے ساتھ ضروری دستاویزات پی ڈی ایف فارمیٹ میں منسلک کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ انوائس میں تبدیلی کی وجوہات اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔

تاہم ایک ہی درخواست میں منتخب انوائسز میں سے بعض کی ترمیم اور بعض کی منسوخی کے لیے الگ الگ کارروائی نہیں کی جاسکے گی۔

کمشنر کی منظوری تک سیلز ٹیکس ریٹرن پر پابندی

ایف بی آر کے مطابق درخواست پر فیصلہ ہونے تک متعلقہ سیلز ٹیکس ریٹرن کا اینکسچر سی جمع نہیں کرایا جاسکے گا۔

کمشنر ان لینڈ ریونیو کی منظوری کے بعد ترمیم شدہ انوائسز اینکسچر سی میں شامل کی جاسکیں گی، جبکہ درخواست مسترد ہونے کی صورت میں اصل انوائسز ہی ریٹرن کا حصہ بنیں گی۔

نئے طریقہ کار کا اطلاق ان انوائسز پر نہیں ہوگا جو پہلے ہی سیلز ٹیکس ریٹرن کے اینکسچر سی میں شامل کی جاچکی ہیں۔

اسی طرح مسترد شدہ یا زیرالتوا درخواستوں میں شامل انوائسز کو دوبارہ کسی نئی درخواست میں شامل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ایف بی آر کے اس اقدام سے ٹیکس دہندگان کو مقررہ 72 گھنٹے کی مدت گزرنے کے بعد انوائسز کی غلطیاں درست کرانے اور منسوخی کے لیے باقاعدہ طریقہ کار دستیاب ہوگیا ہے۔

تاہم انوائس میں تبدیلی یا منسوخی خودکار نہیں ہوگی بلکہ متعلقہ کمشنر کی منظوری کے بعد ہی مؤثر ہوسکے گی۔