واشنگٹن: ایران کے جزیرے قشم پر امریکی حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ امریکی ڈالر کی قدر بھی ایک ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 48 سینٹ یعنی 0.5 فیصد اضافے کے بعد 105 ڈالر 25 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 47 سینٹ یعنی 0.5 فیصد اضافے سے 96 ڈالر 93 سینٹ فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اس سے قبل گزشتہ روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی اطلاعات کے بعد قیمتوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈی میں امریکی ڈالر کو بھی دھچکا لگا اور اس کی قدر ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششوں سے وابستہ امیدوں نے عالمی مالیاتی منڈیوں کے رجحان کو متاثر کیا۔
سرمایہ کاروں کی جانب سے ڈالر پر انحصار کم کیے جانے کے باعث یورو سمیت دیگر بڑی کرنسیوں کی قدر میں بہتری دیکھی گئی۔