انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے تناظر میں عالمی تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے متبادل تجارتی راستے تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے تنازع نے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو درپیش خطرات کو نمایاں کردیا ہے، جس کے پیش نظر عالمی سطح پر تعاون اور متبادل تجارتی راہداریوں کی ترقی ناگزیر ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی توانائی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارتی راستوں کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ عالمی معیشت پر ممکنہ منفی اثرات کو کم کیا جاسکے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکیہ ایشیا اور یورپ کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور متبادل تجارتی راستوں کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
صدر رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ عالمی تجارت کے محفوظ اور مستحکم تسلسل کے لیے متنوع تجارتی راستوں کی موجودگی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔