کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے زیرِ اہتمام پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں اور ہم ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ دوسرے نوجوانوں کو بھی قومی دھارے میں لانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب پاکستانیت کو اپنائیں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائیں۔ بلوچستان اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، لہٰذا نوجوانوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پڑھائی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
اس موقع پر سردار عبدالرحمن کھیتران، سینیٹر سعیدالحسن مندوخیل، پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین خان مگسی، ایم پی اے زرک خان مندوخیل، خلیل جارج، میر نوراللہ لہڑی اور ایم ایس ایف کے ضلعی صدر ہمایوں کاکڑ بھی موجود تھے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین مگسی اور ایم پی اے زرک مندوخیل ہماری پارٹی کے انتہائی فعال اور متحرک پارلیمانی ارکان ہیں، جبکہ سردار عبدالرحمن کھیتران بھی نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج متعدد پارلیمانی ارکان ایم ایس ایف کے اس پروگرام میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے شریک ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوانوں کی تعلیم، ترقی اور مستقبل ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لیپ ٹاپس کی تقسیم اور اسکالرشپس کی فراہمی میں بھی آپ کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ صوبے بھر کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں صوبے بھر کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کی رینکنگ اور اسکورنگ 80 فیصد تک پہنچائی گئی ہے، جو ہم سب کے لیے ایک اعزاز ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قلم کی طاقت بندوق سے زیادہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان قلم کے ذریعے جہاد کریں، کیونکہ قلم کے جہاد کے سامنے دنیا کی کوئی رکاوٹ دیرپا ثابت نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان اور بلوچستان کو آگے لے جائیں۔
پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی کا 70 فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آگے لے جائیں۔
رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اہمیت رکھتا ہے۔ نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ محض بلوچستان کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ اپنی صلاحیتوں کو تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے نکھاریں اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ نوجوان ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور ان کی تعلیم اور ترقی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ہم آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔