کوئٹہ میں شیخ زاید ہسپتال کے قریب فائرنگ، 2 افراد جاں بحق
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شیخ زاید ہسپتال کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد گولیاں لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور دونوں لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے دونوں افراد افغانستان کی سابق جمہوری حکومت کے کمانڈر بصیر اچکزئی کے قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں، تاہم پولیس نے اس حوالے سے فی الحال باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔