تہران میں پاکستان کا سفارتی ماسٹر اسٹروک، امن کا سورج طلوع ہونے کو تیار
تہران: چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں کے سلسلے میں سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں۔ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے فیلڈ مارشل کا پرُتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے درمیان ایک اہم ملاقات بھی ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر دورۂ ایران کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پُرامن، پائیدار اور جامع حل کے لیے جاری کوششوں کو آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گے۔ اس دورے کے دوران علاقائی امن و سلامتی، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق مزید اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ دورے میں باہمی دلچسپی کے معاملات، علاقائی صورتحال اور امن و سلامتی کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے دوران بھی دونوں فریقوں سے مسلسل رابطے برقرار رکھتے ہوئے سفارتی سطح پر امن قائم کرنے کے لیے ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا ہے۔