وزیر اعظم شہباز شریف کا بلوچستان کے لیے تاریخی خوشخبریوں اور فنڈز کا بڑا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کا حل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، مسائل کی آڑ میں بندوق اٹھانے والے کو محب وطن نہیں کہا جا سکتا۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان معدنیات سمیت دیگر قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور ان وسائل پر پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل ہر جگہ موجود ہوتے ہیں، لیکن ان کے حل کے لیے بندوق نہیں اٹھائی جاتی۔ بلوچستان میں مزدوری کرنے والے افراد کو شناخت کی بنیاد پر قتل کرنا کسی صورت جائز نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے پیچھے دشمن ممالک ہیں، جبکہ بلوچستان میں دہشت گرد پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں وسائل خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ وفاقی حکومت فیلڈ مارشل کے ساتھ مل کر چمن، این-25 شاہراہ کی تعمیر پر بھی کام کر رہی ہے۔ این ایف سی ایوارڈ کے موقع پر وفاقی فنڈنگ میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ اسمگلنگ کی روک تھام سے قومی خزانے میں 125 ارب روپے آئے ہیں۔