Tameerewatan
tameerewatan

کیا چھوٹے دکانداروں کی مشکلات کا خاتمہ ہو گیا؟ حکومت کا انتہائی آسان اور اختیاری نظام

کیا چھوٹے دکانداروں کی مشکلات کا خاتمہ ہو گیا؟ حکومت کا انتہائی آسان اور اختیاری نظام

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریٹیلر ایپ کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ سے معیشت میں شفافیت لائی جائے گی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ اور ٹیکس پالیسی کو بہتر بنانے کے لیے مشاورتی عمل کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ مختلف طبقات اور شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی سازی ضروری ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ 25 سے 26 کروڑ آبادی والے ملک میں عوام کو آسان اور مؤثر نظام فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چھوٹے دکاندار نئی ٹیکس اسکیم میں شامل ہونے یا معمول کے ٹیکس نظام میں رہنے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ نئی اسکیم میں چھوٹے دکانداروں اور دیگر کاروباری طبقات کے درمیان واضح تفریق رکھی گئی ہے۔

محمد اورنگزیب نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ نئی اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد ہر کاروباری طبقے کو قومی ٹیکس دائرے میں لانا اور ٹیکس نظام میں سب کی شمولیت یقینی بنانا ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نئی ٹیکس اسکیم تاجروں کی مشاورت اور رہنمائی سے تیار کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تاجر برادری سے مشاورت کے بعد اسکیم کو حتمی شکل دی گئی، جبکہ آج اس کا باقاعدہ عملی آغاز کردیا گیا ہے۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق اسکیم کا اعلان 5 جون کو وزیر خزانہ کی زیر صدارت تقریب میں کیا گیا تھا، جبکہ بجٹ پیش ہونے کے بعد اس کے عملی نفاذ کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی تھیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More