قدیمی دشمنی یا اچانک غصہ؟ معروف ٹک ٹاکر فائرنگ میں جاں بحق
ٹیکسلا: ٹیکسلا بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 28 سالہ معروف ٹک ٹاکر شمسو عرف عائشہ گیلامنہ جاں بحق جبکہ ان کی 15 سالہ بہن شدید زخمی ہو گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، عائشہ گیلامنہ اپنی بیٹی اور بہن کے ہمراہ گاڑی میں راولپنڈی جا رہی تھیں کہ بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل پر سوار مبینہ ملزمان نے ان کی گاڑی کو روک کر فائرنگ کر دی۔ گردن پر دو گولیاں لگنے کے باعث عائشہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ فائرنگ اور حادثے کے نتیجے میں ان کی 15 سالہ بہن اسمیہ شدید زخمی ہو گئیں۔
واقعے کے فوری بعد زخمی لڑکی کو طبی امداد کے لیے پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔