خاتون ڈاکٹر کی مدد کرنے کا صلہ مل گیا، وزیراعلیٰ بلوچستان کا تاریخی فیصلہ
کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کا شکار ہونے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی بروقت اور جانفشانی سے مدد کرنے والے باہمت نوجوان عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کر دیا۔
چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں سے خصوصی ملاقات کے دوران وزیرِ اعلیٰ نے نوجوان کی ہمت، جرات اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو شدید خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ عبدالرازق خلجی نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر جس انسان دوستی کا مظاہرہ کیا، وہ پورے معاشرے کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایسے شہریوں کی خدمات اور بہادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو مشکل گھڑی میں دوسروں کی جان بچانے کے لیے آگے آتے ہیں۔ ملاقات کے دوران عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے حوصلہ افزائی، بروقت داد رسی اور سرکاری ملازمت کے اعلان پر ان کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔