سیکیورٹی فورسز کی خاران میں بڑی کارروائی، 7 دہشت گرد ہلاک، ٹھکانے تباہ اور بھاری اسلحہ برآمد
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ کے 7 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی میں متعدد شرپسند شدید زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی ‘آپریشن ردالفتنہ 3’ کے تحت خاران کے علاقے لجے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر انہیں مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ کارروائی کے بعد موقع سے جدید اسلحہ، بھاری مقدار میں گولہ بارود، 2 گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے دہشت گرد خاران اور گردونواح کے علاقوں میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کے متعدد واقعات اور منصوبوں میں ملوث تھے۔ سیکیورٹی حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور آخری شرپسند کے تعاقب تک آپریشنز کا یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب اور بروقت آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کی دفاعی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے برسرِ پیکار بہادر سپوت قوم کا حقیقی فخر ہیں۔