Tameerewatan
tameerewatan

جشنِ آزادی پر وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا بڑا اعلان

 جشنِ آزادی پر وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا بڑا اعلان

کوئٹہ: جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں کوئٹہ کے پولو گراؤنڈ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء، کور کمانڈر، عسکری قیادت، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب میں ہزاروں شہریوں کے علاوہ مختلف اسکولوں اور کالجز کے طلبہ و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جشنِ آزادی کی مناسبت سے ملی نغموں، ثقافتی پروگراموں اور دیگر فنکارانہ پیشکشوں نے تقریب کو مزید پُرجوش بنا دیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی عظیم قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی اور آج بھی ملک کی سلامتی کے لیے سول سرونٹس، فرنٹیئر کور اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی جانب سے انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے۔ ریاست نے واضح کر دیا ہے کہ تشدد کا راستہ اختیار کرنے والوں کو تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے بچوں کو ترقی اور تعلیم کے مواقع سے محروم رکھا گیا، تاہم حکومت نوجوانوں کے لیے تعلیم اور ترقی کے دروازے کھول رہی ہے۔ انہوں نے تشدد کا راستہ اختیار کرنے والوں سے ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی صورت میں ریاست پیچھے نہیں ہٹے گی اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن ہر صورت قائم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام ایک تاریخی اور بہادر قوم کی روایات کے امین ہیں۔ صوبے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ہارورڈ، آکسفورڈ سمیت دنیا کی بہترین جامعات کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان تعلیم کے ذریعے اپنا مستقبل بہتر بنا سکیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسلام کے نام پر دہشت گردی پھیلانے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ بلوچ نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر ملی نغموں، ثقافتی پرفارمنسز اور دیگر پروگراموں نے حاضرین کے جوش و جذبے کو مزید بڑھا دیا، جبکہ شرکاء نے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More