اغوا، زیادتی اور پھر واپسی، پولیس افسر کی گھناؤنی حرکت کی لرزہ خیز اندرونی کہانی سامنے آ گئی
لاہور: تھانہ غازی آباد میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پولیس نے واقعے کے بعد سخت کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں الزام ہے کہ اے ایس آئی عمران ایک لڑکی کو موٹر سائیکل پر تھانے لایا اور اسے تفتیش کے نام پر انویسٹیگیشن روم میں لے گیا، جہاں مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد اے ایس آئی خود لڑکی کو واپس چھوڑ کر آیا۔ بعد ازاں اہل خانہ کی جانب سے لڑکی کے لاپتہ ہونے کی درخواست دینے پر معلوم ہوا کہ وہ واپس گھر پہنچ چکی ہے۔
واقعے کے بعد انچارج انویسٹیگیشن سمیت تھانہ غازی آباد کے ایس ایچ او اور دیگر عملے کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ مجموعی طور پر 78 اہلکاروں کی معطلی کی رپورٹ تیار کی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ تھانے میں نظم و ضبط برقرار رکھنا ایس ایچ او کی بنیادی ذمہ داری ہے اور تھانے میں ہونے والی سرگرمیوں سے متعلق اسے آگاہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔