ویب ڈیسک: 50 سال سے زائد عمر کی خواتین میں گھٹنوں کا درد ایک عام مسئلہ ہے، تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے محض بڑھتی عمر کا اثر سمجھ کر نظر انداز کرنا درست نہیں، کیونکہ بروقت احتیاط اور مناسب علاج سے اس تکلیف کو کم کیا جاسکتا ہے۔
آرتھوپیڈک ماہرین کے مطابق خواتین میں سن یاس کے دوران ایسٹروجن ہارمون کی سطح میں کمی جوڑوں کی صحت پر اثرانداز ہوسکتی ہے، جبکہ جسمانی ساخت، اضافی وزن اور پٹھوں کی کمزوری بھی گھٹنوں پر دباؤ بڑھانے کا سبب بن سکتی ہے۔
ماہرین نے گھٹنوں کو صحت مند رکھنے اور درد سے بچاؤ کے لیے چار اہم احتیاطی تدابیر بتائی ہیں۔
1۔ وزن کو قابو میں رکھیں
اضافی جسمانی وزن گھٹنوں کے جوڑوں پر دباؤ بڑھاتا ہے، جس سے درد اور جوڑوں کے گھساؤ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق صحت مند وزن برقرار رکھنا گھٹنوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
2۔ پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزش کریں
باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزشیں گھٹنوں اور کولہوں کے جوڑوں کو بہتر سہارا فراہم کرتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق کم عمری سے ورزش کی عادت اپنانا فائدہ مند ہے، تاہم بڑی عمر میں بھی اپنی جسمانی حالت کے مطابق مناسب ورزش شروع کی جاسکتی ہے۔
3۔ آرام دہ اور مناسب جوتے استعمال کریں
سخت فرش پر ننگے پاؤں چلنے کے بجائے ایسے جوتے استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جو پاؤں کو مناسب سہارا اور آرام فراہم کریں۔
ماہرین کے مطابق موزوں جوتوں کا انتخاب بعض افراد میں چلنے کے دوران گھٹنوں پر پڑنے والے دباؤ اور تکلیف کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
4۔ متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کھائیں
جوڑوں اور ہڈیوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے متوازن غذا ضروری ہے۔ ماہرین مچھلی، سبز پتوں والی سبزیوں، پھلوں اور دیگر غذائیت سے بھرپور اشیا کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔
کیلشیئم اور وٹامن ڈی کی مناسب مقدار ہڈیوں کی صحت کے لیے اہم ہے، تاہم سپلیمنٹس کا استعمال طبی ضرورت اور ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق کرنا چاہیے۔
گھٹنوں کے درد میں ڈاکٹر سے کب رجوع کرنا چاہیے؟
ماہرین کے مطابق اگر گھٹنوں کا درد کئی ہفتوں تک برقرار رہے، رات کی نیند متاثر کرے یا چلنے پھرنے اور سیڑھیاں چڑھنے میں دشواری پیدا کرے تو ڈاکٹر سے معائنہ کروانا چاہیے۔
اسی طرح گھٹنے میں اچانک شدید سوجن، غیر معمولی درد یا ٹانگ پر وزن ڈالنے میں ناکامی کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گھٹنوں کے درد کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں، اس لیے مسلسل تکلیف کی صورت میں خود سے علاج کرنے کے بجائے درست تشخیص کروانا بہتر ہے۔