مواد پر جائیں

کوئٹہ 24°C فجر 5:31 ظہر 12:16 عصر 4:02 مغرب 5:39 عشاء 7:01
آج کا ای پیپر ⁦9⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
ٹیکنالوجی

چاند پر محفوظ لینڈنگ کے لیے ناسا کی نئی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ

جدید نظام خلائی جہاز کو خطرناک مقامات سے بچاتے ہوئے خودکار طریقے سے محفوظ جگہ پر اترنے میں مدد دے گا

ویب ڈیسک: امریکی خلائی ادارے ناسا نے چاند اور دیگر سیاروں پر خلائی جہازوں کی محفوظ لینڈنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرکے خلائی جہاز کو خودکار طریقے سے محفوظ مقام کی جانب لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

چاند پر محفوظ لینڈنگ کے لیے ناسا کی نئی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ

ناسا کی جانب سے یہ پیش رفت چاند پر مستقل اڈہ قائم کرنے اور مستقبل کے خلائی مشنز کو زیادہ محفوظ بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے صحرائے موجاوی میں جدید نیویگیشن نظام سے لیس ایک ڈرون کے ذریعے چاند پر لینڈنگ جیسے حالات کی مشق کی گئی، جس کے دوران ٹیکنالوجی نے کامیابی سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

یہ نظام خصوصی لیزر سینسرز کی مدد سے زمین کی سطح اور فاصلے سے متعلق معلومات حاصل کرتا ہے، جن کی بنیاد پر انتہائی تفصیلی ڈیجیٹل نقشے تیار کیے جاتے ہیں۔

ان نقشوں کی مدد سے نظام ممکنہ لینڈنگ مقامات کا جائزہ لیتا ہے اور سطح پر موجود رکاوٹوں یا خطرناک علاقوں کی نشاندہی کرتا ہے۔

اگر طے شدہ مقام لینڈنگ کے لیے غیر محفوظ ہو تو یہ ٹیکنالوجی خودکار طریقے سے راستہ تبدیل کرکے خلائی جہاز کو نسبتاً محفوظ مقام کی طرف لے جانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

ناسا نے اس جدید ٹیکنالوجی کو Safe and Precise Landing – Integrated Capabilities Evolution (SPLICE) کا نام دیا ہے۔

یہ نظام امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں واقع ناسا کے جانسن اسپیس سینٹر کے محققین نے تیار کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی ٹیکنالوجی مستقبل میں چاند اور دیگر سیاروں پر خلائی مشنز کے دوران لینڈنگ کے خطرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ یہ تجربہ زمین پر چاند جیسے حالات کی مشق کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ چاند کی سطح پر اس نظام کی عملی کارکردگی کی جانچ ابھی باقی ہے۔