کراچی: معروف پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ نے سینئر اداکار مرحوم قوی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ کا ایک یادگار منظر سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
فہد مصطفیٰ نے انسٹاگرام اسٹوری پر قوی خان کی تصویر اور فلم کا ایک منظر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’لیجنڈز کبھی نہیں مرتے، ان کی میراث ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔‘‘
اداکار کی جانب سے شیئر کیا گیا منظر 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ کا ہے، جس میں قوی خان بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کی تصویر والا فریم تھامے دکھائی دے رہے ہیں۔
بارش میں فلمائے گئے اس منظر میں قوی خان کی پُراثر اداکاری نمایاں ہے، جسے فہد مصطفیٰ نے مرحوم اداکار کی یاد تازہ کرنے کے لیے منتخب کیا۔
فلم میں قوی خان نے منور مہاراج کا کردار ادا کیا تھا، جو فہد مصطفیٰ کے کردار انسپکٹر گلاب کے والد تھے۔ ان کا کردار دیانت داری اور ذمہ داری کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔
فلم ’قائدِ اعظم زندہ باد‘ میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ ماہرہ خان نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا، جبکہ یہ قوی خان کی آخری فلمی پرفارمنسز میں سے ایک تھی۔
واضح رہے کہ قوی خان 5 مارچ 2023 کو 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک پاکستانی ٹیلی ویژن، فلم اور تھیٹر میں اپنی اداکاری کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔
فہد مصطفیٰ اس سے قبل بھی قوی خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کو اپنے لیے اعزاز قرار دے چکے ہیں۔