کراچی: پاکستان کی سینئر اداکارہ فرح نادر نے ٹیلی ویژن ڈراموں میں کام کرنے والے فنکاروں کی آمدنی اور معاوضوں سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فرح نادر نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں اداکاروں کو عام ملازمتوں کے مقابلے میں خاصا زیادہ معاوضہ مل سکتا ہے، تاہم اس کا انحصار فنکار کی مقبولیت اور کردار کی اہمیت پر ہوتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق اگر ایک عام شخص ایک ماہ میں ایک لاکھ روپے کماتا ہے تو ایک اداکار بعض اوقات صرف 10 دن میں اتنی رقم حاصل کرلیتا ہے۔
فرح نادر نے بتایا کہ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکاروں اور اداکاراؤں کا معاوضہ اس سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق معروف فنکار ایک ڈرامے میں کام کرنے کے 15 سے 20 لاکھ روپے وصول کرسکتے ہیں، جبکہ بعض صورتوں میں یہ رقم 30 سے 40 لاکھ روپے تک بھی پہنچ جاتی ہے۔
سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں اچھی آمدنی کے مواقع موجود ہیں، لیکن فنکاروں کو معاوضے کی بروقت ادائیگی نہ ہونا ایک اہم مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پروڈیوسرز فنکاروں کو وقت پر ادائیگیاں کریں تو اداکاری مالی اعتبار سے ایک فائدہ مند پیشہ ثابت ہوسکتی ہے۔
گفتگو کے دوران ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، فیروز خان، احسن خان، اقرا عزیز، سجل علی اور ہانیہ عامر جیسے معروف فنکاروں کے نام بھی زیر بحث آئے، تاہم فرح نادر نے کسی مخصوص اداکار کی آمدنی ظاہر نہیں کی۔
واضح رہے کہ فرح نادر پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز معروف ڈرامے خدا کی بستی سے کیا تھا۔