مواد پر جائیں

کوئٹہ 12°C فجر 5:31 ظہر 12:16 عصر 4:02 مغرب 5:39 عشاء 7:01
آج کا ای پیپر ⁦9⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
ٹیکنالوجی

این ویڈیا کے سربراہ کا غیر ازدواجی تعلقات کا اعتراف، جاسوسی کے خدشات پر تحقیقات شروع

امریکی حکام کو چینی انٹیلی جنس سرگرمیوں کا شبہ، کمپنی نے آزادانہ تحقیقات کا اعلان کردیا، خفیہ معلومات متاثر ہونے کے شواہد تاحال سامنے نہیں آئے

واشنگٹن: مصنوعی ذہانت کے لیے جدید چپس تیار کرنے والی امریکی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) کے سربراہ جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرلیا ہے، جبکہ کمپنی نے ان اطلاعات کی آزادانہ تحقیقات شروع کردی ہیں جن کے مطابق وہ مبینہ طور پر غیر ملکی خفیہ ادارے کی سرگرمیوں کا ہدف بنے تھے۔

این ویڈیا کے سربراہ کا غیر ازدواجی تعلقات کا اعتراف، جاسوسی کے خدشات پر تحقیقات شروع

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ سنگاپور کی ٹیکنالوجی کمپنی میگا اسپیڈ کی سابق عہدیدار ایلس ہوانگ کے ساتھ جینسن ہوانگ کے قریبی تعلقات سامنے آنے کے بعد زیر بحث آیا۔

امریکی انٹیلی جنس حکام کو شبہ ہے کہ ایلس ہوانگ چینی خفیہ اداروں کے لیے معلومات جمع کررہی تھیں۔ میگا اسپیڈ سے متعلق جدید امریکی مصنوعی ذہانت کے چپس چین منتقل کرنے کے لیے برآمدی پابندیوں کی مبینہ خلاف ورزی کے خدشات بھی سامنے آچکے ہیں۔

تاہم ایلس ہوانگ کی جانب سے حساس معلومات چین کو فراہم کیے جانے اور این ویڈیا کی خفیہ معلومات متاثر ہونے کے الزامات کی حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔

جینسن ہوانگ نے ملازمین سے معافی مانگ لی

رپورٹس کے مطابق 63 سالہ جینسن ہوانگ نے کمپنی کے ملازمین کے نام اپنے پیغام میں اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کی، جس سے ان کی اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی۔

انہوں نے اپنے عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اہل خانہ سے معذرت کی اور کہا کہ وہ اس معاملے پر ہونے والی تنقید کو بھی قبول کرتے ہیں۔

جینسن ہوانگ نے کمپنی کی تحقیقات میں مکمل تعاون اور این ویڈیا کے مفادات سمیت امریکی قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

کمپنی نے آزادانہ تحقیقات کا اعلان کردیا

این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اعلان کیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات آزاد ڈائریکٹرز کی کمیٹی کرے گی، جسے بیرونی قانونی ماہرین کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔

کمپنی کے مطابق تحقیقات کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ آیا اس کے سربراہ کو کسی غیر ملکی انٹیلی جنس کارروائی کا نشانہ بنایا گیا اور اس سے کمپنی یا امریکی قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا یا نہیں۔

بورڈ نے واضح کیا کہ فی الحال اس کے پاس یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ این ویڈیا کی خفیہ معلومات یا امریکی قومی سلامتی متاثر ہوئی ہے۔

کمپنی نے جینسن ہوانگ کی قیادت پر اعتماد برقرار رکھنے کا اعلان بھی کیا ہے اور وہ تحقیقات کے دوران اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔

چین نے جاسوسی کے الزامات مسترد کردیے

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ نے جینسن ہوانگ کو مبینہ جاسوسی کا ہدف بنانے سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت، جدید سیمی کنڈکٹرز اور ٹیکنالوجی کی برآمدات کے معاملے پر مسابقت جاری ہے۔

واضح رہے کہ غیر ملکی جاسوسی سے متعلق الزامات ابھی تحقیقات کے مرحلے میں ہیں اور جینسن ہوانگ یا ایلس ہوانگ کے خلاف اس معاملے میں کسی فوجداری جرم کے ثابت ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔