اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا اور ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی اور تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر حل طلب ہے۔ ان کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے، جبکہ سلامتی کونسل کی قراردادیں اس مسئلے کے حل کی بنیاد ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، امن اور حق خودارادیت کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی توجہ بڑھی۔
نائب وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنماؤں کی حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی برادری کی مسلسل توجہ ضروری ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مؤثر عالمی کوششیں ضروری ہیں۔