مواد پر جائیں

کوئٹہ 15°C فجر 5:26 ظہر 12:16 عصر 4:07 مغرب 5:44 عشاء 7:05
آج کا ای پیپر ⁦1⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بین الاقوامی

سائبر خطرات کے پیش نظر برطانوی شہریوں کو خوراک اور پانی رکھنے کی ہدایت

سائبر خطرات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری پر زور، سافٹ ویئر کی خامی دور کرنے کے لیے 32 سرکاری آن لائن سروسز عارضی طور پر بند کی گئیں

لندن: برطانوی حکومت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی حالات کے لیے کم از کم تین دن کا پینے کا پانی اور جلد خراب نہ ہونے والی خوراک گھروں میں رکھیں۔
جمعہ 23 اکتوبر کو سامنے آنے والی اس ہدایت کا مقصد سائبر واقعات، شدید موسم یا ضروری اشیا کی فراہمی میں عارضی رکاوٹ کے دوران گھرانوں کی تیاری بہتر بنانا ہے۔
حکومت کی ’بی ریڈی‘ مہم ایسے وقت میں شروع ہوئی ہے جب ویب سائٹس میں استعمال ہونے والے پی ایچ پی سافٹ ویئر کی سنگین سیکیورٹی خامیوں کے باعث دنیا بھر میں ادارے اپنے نظام محفوظ بنانے میں مصروف ہیں۔
برطانیہ میں جمعرات کو 32 سرکاری آن لائن سروسز عارضی طور پر بند اور چار جزوی طور پر دستیاب ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ یہ اقدامات ممکنہ خطرات دور کرنے کے لیے کیے گئے تھے۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ نے واضح کیا کہ اس کارروائی سے عوام کو فراہم کی جانے والی بڑی اور اہم خدمات متاثر نہیں ہوئیں۔ برطانوی حکام کے مطابق اس خامی کے ذریعے سرکاری نظام کامیابی سے ہیک ہونے کے شواہد بھی سامنے نہیں آئے تھے۔
وزیر دفاع ویس اسٹریٹنگ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے سائبر حملہ آوروں کے لیے روایتی حفاظتی رکاوٹیں عبور کرنا آسان ہوسکتا ہے۔ انہوں نے دشمن ریاستوں، منظم جرائم اور موسمیاتی تبدیلی کو بھی بڑھتے خطرات میں شمار کیا۔
برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر نے اداروں کو پی ایچ پی کا تازہ ورژن نصب کرنے اور مزید حفاظتی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

سائبر خطرات کے پیش نظر برطانوی شہریوں کو خوراک اور پانی رکھنے کی ہدایت