تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائی کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ حملے امریکی وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد شروع کیے جائیں۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ میں ایران سے متعلق حکمت عملی پر اختلافات ہیں۔ بعض عہدیدار تہران کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے کے حامی ہیں، جبکہ دیگر مزید فوجی حملوں کی حمایت کررہے ہیں۔
اسرائیلی ٹی وی چینل 15 نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج ایران پر حملے کی تیاریاں مکمل کرچکی ہے۔ فوجی حکام کو خدشہ ہے کہ براہِ راست جنگ کی صورت میں لبنان کی تنظیم حزب اللہ بھی محاذ کھول سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج شمالی محاذ سے ممکنہ ڈرون اور میزائل حملوں کا بیک وقت مقابلہ کرنے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
امریکا یا اسرائیل نے کسی مشترکہ حملے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، جبکہ کارروائی کے وقت سے متعلق اطلاعات میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں۔