پاکستان کے معصوم ٹک ٹاکر پربھارتی ادارے ٹوٹ پڑے
اسلام آباد/نئی دہلی: بھارت نے پاکستانی معروف سوشل میڈیا سٹار اور ٹک ٹاکر شہزاد بھٹی پر سنسنی خیز الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سرحد پار تخریبی اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کا بڑا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ تاہم، پاکستانی دفترِ خارجہ اور خود شہزاد بھٹی نے ان الزامات کو سراسر جھوٹ اور پروپیگنڈا قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی اداروں نے پنجاب اور ہریانہ سمیت متعدد علاقوں میں مبینہ ’شہزاد بھٹی نیٹ ورک‘ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ، دستی بم اور بمبار مواد برآمد کیا ہے۔ بھارت کا الزام ہے کہ شہزاد بھٹی نے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ورغلا کر حملوں کے لیے استعمال کیا۔
دوسری جانب، پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے بھارتی داؤ پیچ کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنی داخلی سیکیورٹی ناکامیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے ایسے من گھڑت الزامات لگا رہا ہے۔
خود شہزاد بھٹی نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں بھارتی حکومت کو کھلم کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت کے پاس کوئی ایک بھی ثبوت ہے تو وہ دنیا کے سامنے لائے۔ انہوں نے گرفتاریوں کو سیاسی ڈرامہ قرار دیا اور واضح کیا کہ ان کا کسی بھی پاکستانی یا بھارتی خفیہ ادارے یا گینگسٹرز سے کوئی موجودہ تعلق نہیں ہے۔