خواتین اور دستکاری انڈسٹری کے لیے بڑی خوشخبری
اسلام آباد: پاکستان میں چھوٹے کاروباری اداروں کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنے اور عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کے لیے وزارتِ آئی ٹی اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (Meta) کے مابین ایک شاندار اور تاریخی ‘اے آئی تربیتی پروگرام’ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس انقلابی منصوبے کا انعقاد اسمال بزنس گروتھ اکیڈمی کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ملک کے 9 بڑے شہروں میں 1,000 سے زائد کاروباری افراد کو مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ڈیجیٹل مارکیٹنگ ٹولز کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کا خصوصی فوکس خواتین کی قیادت میں چلنے والے سمال بزنسز، ٹیکسٹائل، دستکاری اور آئی ٹی سروسز کے شعبوں پر رکھا گیا ہے تاکہ انہیں خودمختار بنایا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق، یہ اقدام میٹا کے ایشیا پیسیفک خطے کے 12 ممالک پر مشتمل وسیع ترین اسمال بزنس ٹریننگ پروگرام کا اہم حصہ ہے۔ ورکشاپس اور آن لائن سیشنز کے ذریعے کاروباری افراد کو کسٹمر سروسز، آن لائن سیلز اور AI کے ذریعے مارکیٹنگ بڑھانے کے عملی طریقوں سے آراستہ کیا جائے گا، جو پاکستان کو جدید ڈیجیٹل معیشت سے جوڑنے میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔