بلوچستان اور کے پی کے نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی تاریخ میں پہلی بار نافذ کی جانے والی ‘نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی’ پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ باصلاحیت اور ہنرمند نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی موجودہ حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی پالیسی پر عملدرآمد کی رپورٹ ہر ماہ باقاعدگی سے ان کے سامنے پیش کی جائے گی۔ انہوں نے بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار اور ہنرمندی کے مواقع فراہم کرنے کی سخت ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو ہنرمند بنا کر روزگار کے نئے دھارے میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔
بریفنگ کے دوران انکشاف کیا گیا کہ ‘ڈیجیٹل یوتھ ہب’ کے ذریعے نوجوانوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ملک اور بیرونِ ملک ملازمتوں کے تمام مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، NAVTCC اور SMEDA میں کی جانے والی اصلاحات کے تحت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تکنیکی سرٹیفیکیشن، زبان کی مہارت اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے۔ تمام تعلیمی اداروں میں ‘یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز’ بھی قائم کیے جا رہے ہیں جو طلبہ کی کیریئر کونسلنگ کا فریضہ انجام دیں گے۔