گیس کا انمول ذخیرہ ملتے ہی ملک بھر میں خوشی کی لہر
کراچی: پاکستان میں توانائی کے شعبے سے ایک بڑی اور تاریخی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں سمندر کنارے اعلیٰ معیار کی گیس (ہائیڈرو کاربن پلے) کی پہلی کامیاب دریافت کر لی گئی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے اعلامیے کے مطابق، سندھ کے ضلع سجاول میں واقع سرانی بلاک کے دریافتی کنوئیں “ڈولفن” سے گیس کا ایک انتہائی اہم اور منفرد ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔ یہ لوئر انڈس بیسن کی تاریخی “چلتن فارمیشن” سے اپنی نوعیت کی پہلی پیش رفت ہے جس نے جراسک دور کے پٹرولیم سسٹم کی موجودگی کو ثابت کر دیا ہے۔
پی پی ایل حکام کا کہنا ہے کہ اس عظیم پیش رفت کے بعد نہ صرف خشکی کے دلدلی علاقوں بلکہ کم گہرے سمندری توسیعی حصوں میں بھی گیس کی تلاش کے لیے ایک نیا فرنٹیئر کھل گیا ہے، جو آنے والے دنوں میں پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں انتہائی سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔