موٹے لوگوں کے لیے بڑی خوشخبری، انجیکشن کا ڈر ختم
لندن: برطانیہ وزن کم کرنے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج میں مدد دینے والی نئی روزانہ استعمال ہونے والی گولی کی منظوری دینے والا یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
برطانوی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی (MHRA) نے دوا اورفورگلیپرون (Orforglipron) کی منظوری دے دی ہے، جسے فونڈایو (Fundayo) کے نام سے فروخت کیا جائے گا۔ یہ دوا امریکی دوا ساز کمپنی ایلی لِلی نے تیار کی ہے۔
اورفورگلیپرون ایک GLP-1 ریسیپٹر ایگونسٹ دوا ہے، جو خون میں شوگر کی سطح کو بہتر بنانے، ہاضمے کے عمل کو سست کرنے اور بھوک کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
یہ دوا ایسے افراد کے لیے منظور کی گئی ہے جن کا BMI 30 یا اس سے زیادہ ہو، جبکہ 27 سے 30 BMI رکھنے والے افراد بھی اسے استعمال کرسکتے ہیں، اگر انہیں وزن سے متعلق کسی طبی مسئلے کا سامنا ہو۔
ماہرین کے مطابق یہ دوا ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں میں شوگر کنٹرول بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
دوا کی خاص بات یہ ہے کہ اسے دن میں صرف ایک بار استعمال کرنا ہوتا ہے اور اسے کسی بھی وقت لیا جاسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گولی کی شکل میں موجود یہ GLP-1 دوا ان افراد کے لیے آسان متبادل ہوسکتی ہے جو انجیکشن کے بجائے زبانی دوا کو ترجیح دیتے ہیں۔