اب گھر بیٹھے ایک کلک پر حج کی درخواست جمع کروائیں
اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عازمین اب گھر بیٹھے حج درخواست جمع کرا سکیں گے اور انہیں بینکوں یا دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ تقریباً 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین آن لائن طریقے سے اپنی حج درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق درخواست جمع کرانے کے لیے ادائیگی کے تین طریقے رکھے گئے ہیں، جن میں کریڈٹ کارڈ، پی ایس آئی ڈی کے ذریعے ادائیگی اور چالان فارم پرنٹ کرکے نقد رقم جمع کرانا شامل ہے۔
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے لیے 107 ہزار 526 افراد کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی۔ حج اخراجات کی دوسری قسط اکتوبر میں وصول کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق حج درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور مقررہ کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ نجی حج اسکیم کے عازمین بھی ’’پاک حج ایپ‘‘ کے ذریعے اپنی پسند کے نجی حج آپریٹر کا انتخاب کرسکیں گے۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ براہ راست کسی نجی آپریٹر کو رقم جمع نہ کرائیں بلکہ مقررہ ڈیجیٹل طریقہ کار کے تحت ادائیگی کریں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کا مقصد عازمین کو سہولت فراہم کرنا، انتظار اور لمبی قطاروں سے نجات دلانا اور درخواست سے ادائیگی تک پورے عمل کو آسان اور شفاف بنانا ہے