پاکستان کے قومی پرچم کہاں اور کیسے تیار کیے جاتے ہیں؟جانیے
کراچی: جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں لہرانے والے قومی پرچم، جھنڈیاں اور دیگر آرائشی اشیا کی تیاری کئی ماہ پہلے شروع ہو جاتی ہے۔ کراچی کے کورنگی انڈسٹریل ایریا سمیت مختلف صنعتی علاقوں میں قائم فیکٹریوں میں اگست کے مہینے سے قبل ہی بڑے پیمانے پر قومی پرچم تیار کیے جاتے ہیں۔
کاروباری افراد کے مطابق یوم آزادی کی تیاریوں کا آغاز عموماً مارچ سے کر دیا جاتا ہے۔ سب سے پہلے کپڑے کی خریداری کی جاتی ہے، جس کے بعد ضرورت کے مطابق لومز پر کپڑا تیار کیا جاتا ہے۔ پھر اسے پرنٹنگ، رنگائی اور دیگر مراحل سے گزار کر پرچم بنانے کے قابل بنایا جاتا ہے۔
پرنٹنگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد کپڑا فیکٹریوں میں پہنچایا جاتا ہے، جہاں ماہر کاریگر اسے مختلف سائز کے پرچموں، جھنڈیوں اور بیجز کی شکل میں کاٹتے ہیں۔ تیار شدہ مصنوعات کو پیک کرنے سے پہلے معیار کو جانچنے کے لیے کوالٹی کنٹرول کا مرحلہ بھی مکمل کیا جاتا ہے۔
صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ قومی پرچم اور یوم آزادی سے متعلق اشیا کی تیاری صرف اگست تک محدود نہیں بلکہ یہ کام پورا سال جاری رہتا ہے، تاہم جشن آزادی کے قریب ان کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔
کراچی سے تیار ہونے والے قومی پرچم نہ صرف ملک کے مختلف شہروں میں سپلائی کیے جاتے ہیں بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی بڑی تعداد میں یہاں سے پرچم اور دیگر اشیا منگواتے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق کراچی میں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں جھنڈیاں، بیجز اور دیگر یوم آزادی کی اشیا تیار کی جاتی ہیں، جبکہ بڑے سائز کے قومی پرچم بھی بڑی مقدار میں ملک بھر میں بھیجے جاتے ہیں۔
14 اگست سے کئی ماہ قبل ہی کراچی کی صنعتوں میں قومی پرچموں کی تیاری کا عمل شروع ہو جاتا ہے، جو یوم آزادی تک جاری رہتا ہے اور وطن سے محبت کے جذبات کو نمایاں کرتا ہے۔