پی ٹی آئی کا لانگ مارچ برقرار، عمران خان سے ملاقات کی شرط رکھ دی
سیاسی و کور کمیٹی کے اجلاس میں مارچ ملتوی کرنے کی تجویز بھی زیرغور، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا مؤقف کہ حتمی فیصلہ بانی چیئرمین ہی کریں گے
پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے لانگ مارچ کی منسوخی کو بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے ساتھ مشروط کردیا ہے، جبکہ پارٹی کی سیاسی اور کور کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کے ساتھ مذاکرات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق رات گئے ہونے والے اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے پارٹی قیادت کو حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران اس خدشے پر بھی غور کیا گیا کہ لانگ مارچ کی صورت میں وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت یا پی ٹی آئی کے خلاف اقدامات کرسکتی ہے۔ اسی تناظر میں مارچ ملتوی کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی۔
تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اختیار بانی چیئرمین کے پاس ہے، اس لیے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں عمران خان سے ملاقات کی شرط رکھی جائے۔
متعلقہ پوسٹس
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ابتدائی شیڈول کے مطابق لانگ مارچ 4 اکتوبر کو لکی مروت سے شروع ہونا ہے، جہاں مختلف علاقوں سے آنے والے قافلے جمع ہوں گے۔
پارٹی قیادت اب حکومت کے ساتھ مذاکرات اور بانی چیئرمین سے ممکنہ ملاقات کے بعد لانگ مارچ کے مستقبل سے متعلق حتمی لائحہ عمل طے کرے گی۔
