روس کا یوکرین کے دارالحکومت کیف کے اہم پل پر حملہ
دریائے دنیپرو پر واقع شمالی پل کی سڑک اور بجلی کا نظام متاثر، ٹریفک معطل، مسلسل تیسرے روز اہم پلوں کو نشانہ بنایا گیا
کیف: روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں دریائے دنیپرو پر واقع اہم شمالی پل کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پل کو نقصان پہنچا اور ٹریفک معطل کردی گئی۔
کیف کے میئر وٹالی کلیچکو کے مطابق حملے سے پل کی سڑک کی سطح اور ٹرالی بسوں کیلئے نصب بجلی کی اوورہیڈ تاریں متاثر ہوئیں، جس کے بعد مشرقی کنارے سے مغربی کنارے کی جانب آمدورفت روک دی گئی۔ ہنگامی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
شمالی پل کیف کے مشرقی اور مغربی حصوں کو ملانے والے اہم راستوں میں شامل ہے اور اس کی بندش سے شہر میں آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
اس سے قبل روسی ڈرونز نے دریائے دنیپرو پر واقع جنوبی پل کو بھی متعدد مرتبہ نشانہ بنایا تھا، جس کے باعث جنوبی پل سمیت دیگر اہم راستوں پر ٹریفک کی مکمل یا جزوی بندش کرنا پڑی۔
روسی وزارت دفاع نے تازہ کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی پل یوکرینی فوج کی نقل و حرکت اور فوجی سامان کی ترسیل کیلئے استعمال کیا جارہا تھا۔ یوکرینی حکام کی جانب سے روس کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔