کیا 9 مئی کیس کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا؟ راولپنڈی سے ہنگامہ خیز خبر
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری مجرموں کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی، جبکہ عدالت نے مجرموں کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔ عدالت کے مطابق سزا پانے والے ملزمان 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی اور سازش میں ملوث پائے گئے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی نے مذکورہ افراد کو 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی میں مرکزی ملزمان قرار دیا تھا۔ سزا پانے والوں میں عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، مراد سعید، زرتاج گل، شیخ راشد، زلفی بخاری، شاندانہ گلزار، شہباز گل، حماد اظہر، اعظم سواتی، شبلی فراز، کنول شوزب، احمد چٹھہ اور دیگر شامل ہیں۔
پراسیکیوشن کی جانب سے گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے اور تمام 47 اشتہاری ملزمان کا الگ الگ ٹرائل کیا گیا۔ مقدمے میں مجموعی طور پر 118 ملزمان شامل تھے، جن میں سے متعدد کو دورانِ ٹرائل اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ 29 ملزمان مقدمہ درج ہونے کے بعد کسی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت کے مطابق ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور اہم سرکاری عمارتوں و مقامات کو نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے۔
عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان کے خلاف استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد اور گواہان کے بیانات جرم ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں، جس کے بعد تمام 47 مجرموں کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔