شدید بارش سے پارلیمنٹ ہاؤس کی چھتیں کیوں ٹپکنے لگیں
ملک میں جاری بارشوں کے باعث دارالحکومت کے اہم ترین سرکاری عمارت پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت سے بھی پانی ٹپکنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے سیکنڈ فلور پر چھت سے مسلسل پانی ٹپک رہا ہے۔ فرش کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے ابتدا میں وہاں ٹوکری رکھی گئی، اور جب پانی کی مقدار بڑھی تو ٹوکری ہٹا کر اس جگہ گملا رکھ دیا گیا تاکہ پانی کو قابو میں رکھا جا سکے۔
عمارت کے اندر کام کرنے والے عملے کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران یہ مسئلہ ہر بار سامنے آتا ہے، لیکن تاحال کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سی ڈی اے کی جانب سے مرمت یا کسی مستقل حل کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس قومی اہمیت کی عمارت ہے جہاں ملک کے اہم قانون سازی کے اجلاس ہوتے ہیں۔ چھت سے پانی ٹپکنے اور بروقت دیکھ بھال نہ ہونے پر سرکاری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
سی ڈی اے حکام سے اس حوالے سے موقف لینے کی کوشش کی گئی، لیکن ابھی تک ان کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آ سکی۔
اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کی مختلف چھتیں ٹپکنے لگیں، جس سے عمارت کے اندر کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔
چھت ٹپکنے کے باعث سینیٹ ہال کے سامنے لابی میں فرش پر پانی کھڑا ہوگیا، جس پر عملے نے پانی روکنے کے لیےڈسٹ بن رکھ دی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے چیمبر کی چھت بھی ٹپک پڑی جبکہ ان کے پی ایس او کے کمرے میں بھی پانی جمع ہونے پر ڈسٹ بن رکھ دی گئی،پانی کے باعث بلاول بھٹو زرداری کے چیمبر کا فرش بھی خراب ہونے لگا ہے۔